اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ محرم الحرام کے احترام میں کل سے عاشورہ تک خطاب نہیں کریں گے۔ وفاقی دارالحکومت میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں سے سبق سیکھنا چاہیئے، جس طرح انہوں نے حق کا ساتھ دیا اور باطل کے آگے کھڑے ہوئے۔ عمران خان نے کہا کہ سمندری طوفان نیلوفر تو تھم گیا لیکن 30 نومبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا طوفان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو جب عوام کا سمندر دھرنے میں شامل ہوگا تو بجلی کی قیمتیں کم کرنے اور سرکاری اداروں کی نجکاری روکنے کا مطالبہ کریں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں تیل کی قیمتیں ہمارے دھرنے کی وجہ سے کم ہو رہی ہیں، حالانکہ یہ قیمت کم ازکم 15 روہے فی لیٹر کم ہونی چاہئے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دھرنا حکومت پر ایک پریشر ہے جو حکومت کو مختلف اقدامات کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔ عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان نے خواتین کے لئے ایسے الفاظ استعمال کئے جس مثال نہیں ملتی، مولانا اسلام کے ٹھیکیدار بن کر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر تک نواز شریف کارکردگی بہتر کرلیں کیونکہ اس دن ہم ان سے کہیں گے کہ آپ حکومت نہیں چلا سکے، آپ استعفٰی دیں اور گھر جائیں کیونکہ اس دن تو حتمی فیصلہ ہونا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق عمران خان کہتے ہیں کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 15 روپے فی لٹر کمی ہونی چاہئے تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں استعفے قبول نہ کرنے کا ڈرامہ چل رہا ہے۔ سپیکر ہمارے استعفے روکنے والے کون ہیں۔؟ دھرنے سے خطاب میں عمران خان نے قوم کو پٹرول کی قیمت میں کمی پر مبارک دی۔ انھوں نے کہا کہ 30 نومبر کے جلسے میں اب بجلی کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے 7 نومبر کو سپیکر کے خلاف عدالت میں جانے کا بھی اعلان کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے پاکستان سٹیل کی نجکاری کی مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ کبھی نفع میں جانے والی پاکستان سٹیل اب 230 ارب روپے خسارے میں ہے۔ عمران خان نے اپنی جماعت کے رضا کاروں کو ہدایت کی کہ وہ تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ تحریک انصاف کے قائد آج رات ساڑھے سات بجے پھر دھرنے کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔
.......
/169